جماعت اسلامی کا حکومت سے مذاکرات کیساتھ دھرنے جاری رکھنےکا اعلان
09-03-2026
(لاہور نیوز) پیٹرولیم لیوی کیخلاف جماعت اسلامی کے دھرنے ختم کروانے کیلئے حکومتی وفد نے احسن اقبال کی سربراہی میں امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے لاہور میں ملاقات کی۔
حکومتی وفد نے منصورہ لاہور میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی، حکومت کی مذاکراتی ٹیم میں وفاقی وزیر احسن اقبال، رانا ثنااللہ اور خواجہ سلمان رفیق شامل تھے جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے مذاکراتی ٹیم کی قیادت کی۔ بعدازاں پریس کانفرنس میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم سب چاہتے ہیں کہ عوام کو ریلیف ملے، اس کے لیے حکومت نے ٹیم تشکیل دی ہے، جماعت اسلامی سے بھی کہا کہ اگر ایسی تجاویز ہیں جس سے پیٹرول قیمتوں کا بوجھ کم کر سکیں تو دیں۔ جماعت اسلامی سے کہا کہ ٹیم بنائیں ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ ملک میں اس وقت ایسی صورتحال ہو جس سے دشمن فائدہ اٹھائے، موجودہ صورتحال کا تقاضا ہےکہ ہم سب مل کر داخلی امن قائم رکھنےکی کوشش کریں۔ اس موقع پر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حافظ نعیم الرحمان نے بتایا ہے کہ ان کے پاس ایسی تجاویز ہیں جن سے عوام کو ریلیف ملے، حکومت جماعت اسلامی کے قابل عمل تجاویز پر عمل درآمد کرے گی۔ جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ دھرنے بھی چلتے رہیں گے اور بات چیت بھی چلتی رہے گی۔