دھی رانی پروگرام: مستحق بچیوں کی اجتماعی شادیاں، سلسلہ اکتوبر سے شروع ہو گا

09-03-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب دھی رانی پروگرام کے تحت رواں مالی سال 5 ہزار مستحق بچیوں کی اجتماعی شادیاں کروائی جائیں گی۔

اجتماعی شادیوں کا سلسلہ اکتوبر سے شروع ہو گا، صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے پروگرام  کے تمام مراحل میں شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ دھی رانی پروگرام کے حوالے سے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، سیکرٹری سوشل ویلفیئر سائرہ عمر، ڈی جی ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم، ڈائریکٹر اور تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز  نے اجلاس میں شرکت کی۔ سیکرٹری سوشل ویلفیئر سائرہ عمر  نے اجلاس کو دھی رانی پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ ڈائریکٹر پلاننگ نے پروگرام کے پس منظر، پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد دھی رانی پروگرام شروع کیا گیا، جس کا مقصد مستحق اور کم آمدنی والے خاندانوں کی بچیوں کی باعزت اور باوقار شادیوں کو یقینی بنانا ہے۔ بریفنگ کے مطابق مالی سال 2024-25 میں دھی رانی پروگرام کے تحت 3 ہزار مستحق بچیوں کی شادیاں کروائی گئیں، جبکہ مالی سال 2025-26 میں 5 ہزار بچیوں کی اجتماعی شادیاں کروائی گئیں، رواں مالی سال بھی 5 ہزار مستحق بچیوں کی اجتماعی شادیاں کروانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اجتماعی شادیوں کا سلسلہ اکتوبر سے شروع کیا جائے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ’مریم کو بتائیں‘ ایپ کے ذریعے بھی دھی رانی پروگرام میں شمولیت کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں، موصولہ درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد اہل قرار پانے والی بچیوں کو پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے متعلقہ افسران کو دھی رانی پروگرام کے تمام پہلوؤں کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی، انہوں  نے کہا کہ اجتماعی شادیوں کے انعقاد سمیت پروگرام کے ہر مرحلے میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور جاری اقدامات تیز کرکے دھی رانی پروگرام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔