ایل ڈی اے: کرپشن اور بے ضابطگیوں میں ملوث افسران و ملازمین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
09-03-2026
(لاہور نیوز) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی ہدایت پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے کرپشن اور ماضی کی بے ضابطگیوں میں ملوث افسران و ملازمین کے خلاف کارروائی کا پلان تیار کرلیا۔
ایل ڈی اے میں ماضی کی بے ضابطگیوں میں ملوث افسران اور ملازمین کی فہرستیں مرتب کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈی جی ہیڈکوارٹرز اور ڈائریکٹر ایڈمن کو کرپٹ افسران و ملازمین کا ریکارڈ مرتب کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ماضی میں بے ضابطگیوں میں ملوث افسران کی موجودہ پوسٹنگ اور کارکردگی کی تفصیلات بھی طلب کرلی گئی ہیں، جبکہ ای-بز میں تاخیر اور عوامی درخواستیں بلاجواز لٹکانے والے افسران بھی کارروائی کی زد میں ہوں گے۔ عوامی درخواستوں پر بلاجواز تاخیر کرنے والے افسران کی الگ فہرست تیار کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر قانونی عمارتیں بنوانے، غیر قانونی طور پر سیل عمارتیں ڈی سیل کرنے اور قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عمارتوں کی منظوری دینے والے افسران کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ فائلوں پر غیر قانونی الاٹمنٹ کرنے والے افسران اور ملازمین کے خلاف بھی ایکشن ہوگا۔ محکمانہ کارروائی کے ساتھ کرپشن سے متعلق کیسز اینٹی کرپشن کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام فہرستیں اور تفصیلی ایکشن پلان ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے کو پیش کیا جائے گا۔ ایل ڈی اے میں کرپشن، غیر قانونی تعمیرات، غیر قانونی ڈی سیلنگ اور غیر قانونی الاٹمنٹس کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنانے کا پلان تیار کرلیا گیا ہے۔