کاہنہ: سکول طالبہ کو بلیک میل کرکے مبینہ زیادتی، ملزم گرفتار

09-03-2026

(لاہور نیوز) کاہنہ کے علاقے میں سکول طالبہ کو مبینہ طور پر بلیک میل کرکے زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو پولیس نے ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے گرفتار کرلیا۔

ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق ملزم نے متاثرہ طالبہ کو ورغلا کر اس سے دوستی کی اور اس کی تصاویر بنائیں۔ بعد ازاں ملزم نے تصاویر کے ذریعے بلیک میل کرکے طالبہ کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی گھر سے سکول کے لیے گئی تھی، تاہم ملزم اسے بلیک میل کرکے شہزادہ روڈ پر واقع ایک گھر میں لے گیا، جہاں مبینہ طور پر زیادتی کا واقعہ پیش آیا۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کا کہنا ہے کہ خواتین کا استحصال کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔