کمشنر لاہور کا سر گنگا رام ہسپتال کا دورہ، فائر سیفٹی، صفائی اور طبی سہولیات کا جائزہ

09-03-2026

(لاہور نیوز) کمشنر لاہور نعمان یوسف نے سر گنگا رام ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زچہ و بچہ بلاک سمیت مختلف شعبہ جات میں طبی سہولیات، صفائی کے معیار اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران ریسکیو 1122، واسا، سی اینڈ ڈبلیو، سول ڈیفنس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ کمشنر لاہور نے گائنی وارڈ، نرسری، ایمرجنسی اور میل وارڈز کا دورہ کیا اور مریضوں سے طبی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔ نعمان یوسف نے فائر ہائیڈرینٹس، فائر بریگیڈ کی رسائی، ہنگامی اخراج کے راستوں اور آگ بجھانے والے آلات کا بھی معائنہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں فائر ہائیڈرینٹس فعال ہیں جبکہ سیفٹی آلات کے استعمال کی تربیت اور ورکشاپس بھی جاری ہیں۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ ریسکیو 1122 لاہور کے تمام ہسپتالوں کو چیک کر رہا ہے جبکہ واسا کی ٹیمیں پانی کی لائنوں کا بھی معائنہ کر رہی ہیں۔ ہسپتالوں کے بیرونی حصوں میں بھی بجلی کی سپلائی کو مکمل محفوظ بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فائر ہائیڈرینٹس کے لیے واٹر اسٹوریج کی صلاحیت بڑھائی جائے اور فائر ایکسٹنگوئشرز، ہوزز، ہائیڈرینٹس اور ایمرجنسی اخراج کے مقامات کی نشاندہی واضح سائن بورڈز کے ذریعے کی جائے۔ کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ ضلعی ٹیمیں موجود ہیں، کسی بھی قسم کا رخنہ باقی نہیں رہنا چاہیے۔ لاہور کے تمام ہسپتالوں کو ضلعی انتظامیہ کا مکمل تعاون حاصل ہے۔