جعلی دودھ کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 700 لٹر مضر صحت دودھ تلف
09-03-2026
(لاہور نیوز) جعلی اور مضر صحت دودھ کی سپلائی کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 700 لٹر ناقص دودھ تلف کر دیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکم پر ایڈیشنل ڈائریکٹر لاہور کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے جعلی اور مضر صحت دودھ کے خلاف کارروائی کی، ویجیلنس ٹیم کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر کارروائی عمل میں لائی گئی، پک اپ نمبر LEI-3115 میں جعلی دودھ ترسیل کیا جا رہا تھا، جسے چیکنگ کے دوران تحویل میں لے لیا گیا۔ کارروائی کے دوران 700 لٹر جعلی اور مضر صحت دودھ تلف کر دیا گیا، جبکہ سپلائر کے قبضے سے ایک پک اپ، 13 پلاسٹک ڈرم، 4 سٹیل ڈرم اور پلنجر بھی ضبط کر لئے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق دودھ کے نمونے لیبارٹری تجزیے کیلئے بھجوائے گئے، جہاں ٹیسٹ ناقص قرار پائے، سپلائر کے پاس دودھ کی ترسیل سے متعلق انتہائی لازم ریکارڈ اور ضروری دستاویزات بھی موجود نہیں تھیں، تلف کیا جانے والا ناقص دودھ لاہور اور مضافاتی علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا، تاہم فوڈ سیفٹی ٹیم کی بروقت کارروائی کے باعث شہریوں کو جعلی دودھ استعمال کرنے سے بچا لیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں اور دودھ کی ترسیل و سپلائی کے تمام مراحل کی نگرانی کی جا رہی ہے، شہریوں کو یہ سہولت بھی فراہم کی گئی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں استعمال ہونے والے دودھ کو پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مفت چیک کروا سکتے ہیں۔