مومنہ اقبال ہراسگی اور قتل کی دھمکیوں کا مقدمہ، ثاقب چڈھر اور اہلیہ بے قصور قرار

09-03-2026

(لاہور نیوز) اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔

مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے لیگی ایم پی اے ثاقب چڈھر اور ان کی اہلیہ سمیرا کو بے قصور قرار دے دیا۔ تفتیشی افسر کے مطابق ثاقب چڈھر اور ان کی اہلیہ سمیرا کی فی الحال گرفتاری درکار نہیں۔ این سی سی آئی اے نے مقدمے کی تفتیش تبدیل کرکے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی، جس نے دونوں سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔ تفتیشی افسر کے بیان کی روشنی میں ثاقب چڈھر نے اپنی عبوری ضمانت واپس لے لی، جس پر عدالت نے ثاقب چڈھر اور ان کی اہلیہ سمیرا کی درخواست ضمانت نمٹا دی۔ دوسری جانب مومنہ اقبال نے تفتیشی رپورٹ اور ملزمان کو کلیئر کرنے کے عمل پر اعتراض اٹھا دیا۔ مومنہ اقبال کے وکیل عدنان احسان نے مؤقف اختیار کیا کہ این سی سی آئی اے نے مدعیہ کو اعتماد میں لیے بغیر مقدمے کی تفتیش تبدیل کی۔ وکیل کے مطابق نئے تفتیشی افسر نے مکمل تحقیقات کے بغیر ملزمان کو کلیئر کردیا، جبکہ تفتیش تبدیل کرنے سے قبل مدعیہ کو بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ مومنہ اقبال اپنے وکیل کے ہمراہ سیشن عدالت میں پیش ہوئیں۔ عدالت نے ثاقب چڈھر اور ان کی اہلیہ سمیرا کو درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر ریلیف دے دیا۔