ٹریفک پولیس کا بغیر ترپال ریت و مٹی لانے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
09-03-2026
(لاہور نیوز) سموگ اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے لاہور ٹریفک پولیس نے ریت اور مٹی لانے والی ٹریکٹر ٹرالیوں اور ڈمپرز کے خلاف ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی سفارش کر دی۔
سی ٹی او لاہور نے ماحولیاتی آلودگی کے سدباب کیلئے ڈی جی مائنز اینڈ منرلز پنجاب کو مراسلہ ارسال کیا ہے، جس میں ریت و مٹی کی ترسیل کے دوران گاڑیوں کو لازمی طور پر ترپال سے ڈھانپنے اور پانی کے چھڑکاؤ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بغیر ترپال ریت اور مٹی کی ترسیل سے گردوغبار میں اضافہ جبکہ ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کی صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے، ٹریفک پولیس نے بار بار ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے این او سی اور پرمٹ معطل یا منسوخ کرنے کی سفارش بھی کی ہے۔ اس کے علاوہ بغیر لائسنس ڈرائیور، فٹنس سرٹیفکیٹ اور منظور شدہ نمبر پلیٹ کے ریت بردار گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی بھی سفارش کی گئی ہے، جبکہ ریت اور مٹی کی ترسیل کیلئے صرف مخصوص گاڑیوں اور باقاعدہ لائسنس یافتہ ڈرائیورز کے استعمال پر زور دیا گیا ہے۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر بغیر ترپال ریت اور مٹی لانے لے جانے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، صرف ماہ اگست میں 10 ہزار 664 بغیر ترپال مٹی و ریت لانے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ عوامی اور ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ساتھ سموگ پر قابو پانے کیلئے ریت بردار گاڑیوں کے خلاف مربوط اور مؤثر کارروائی ناگزیر ہے۔