شاہدرہ میں مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

09-02-2026

(لاہور نیوز) شاہدرہ پولیس نے سنیپ چیکنگ کے دوران مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس کے مطابق شاہدرہ چوکی بیگم کی پولیس ٹیم  نے بارہ دری روڈ کے قریب دو موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پر مبینہ طور پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا، اس دوران دونوں موٹرسائیکل سوار مسلسل فائرنگ کرتے رہے، کچہ روڈ پر تیز رفتاری کے باعث ملزمان موٹرسائیکل پر اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور گر پڑے، پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سے گرنے کے باوجود ملزمان نے فائرنگ جاری رکھی، جس پر پولیس اہلکاروں  نے حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی کارروائی کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے گرنے کے بعد ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جسے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دوسرا ملزم موقع سے فرار ہو گیا، فرار ملزم کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس کے مطابق زخمی گرفتار ملزم کی شناخت ذیشان عرف شانی کے نام سے ہوئی ہے، ایس پی سٹی کے مطابق ملزم ڈکیتی، چوری، چھینا جھپٹی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے سمیت 38 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم  نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مزید 10 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے، ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ اور موٹرسائیکل بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔