پنجاب کی جیلوں کی مؤثر انسپکشن کیلئے جدید پورٹل اور مانیٹرنگ نظام نافذ
09-02-2026
(لاہور نیوز) پنجاب کی جیلوں کی مؤثر انسپکشن، نگرانی اور انتظامی امور کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے جدید آن لائن پورٹل اور مانیٹرنگ نظام نافذ کر دیا گیا۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے جیلوں کی انسپکشن اور مانیٹرنگ کیلئے تیار کئے گئے جدید پورٹل کا جائزہ لیا اور ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ اور سینئر پریزن افسران کو روایتی طریقہ کار کے بجائے آن لائن پورٹل کے ذریعے انسپکشن اور مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی۔ جدید پورٹل کے ذریعے پنجاب کی جیلوں کی سکیورٹی، انتظامی امور، قیدیوں کی صورتحال، جیل قوانین اور قواعد و ضوابط پر عملدرآمد سے متعلق مکمل معلومات لمحہ بہ لمحہ دستیاب ہوں گی، سیکرٹری داخلہ نے ’’ایگزیکٹو مانیٹرنگ ڈیش بورڈ‘‘ کے ذریعے جیلوں کی انسپکشن رپورٹس کا بھی مشاہدہ کیا۔ مانیٹرنگ ڈیش بورڈ پر پنجاب کی ہر جیل میں قیدیوں کی گنجائش، موجودہ تعداد، روزانہ نئے آنے والے اور رہا ہونے والے قیدیوں کی تفصیلات درج کی گئی ہیں، اس کے علاوہ ہر قیدی کی عمر، تعلیمی قابلیت، صحت کی صورتحال اور ہنر سیکھنے کی صلاحیت سے متعلق معلومات بھی ڈیش بورڈ پر دستیاب ہیں۔ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے جدید مانیٹرنگ نظام اور ڈیش بورڈ تیار کرنے پر محکمہ جیل خانہ جات اور پریزن فاؤنڈیشن کی ٹیم کو سراہا، انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب پریزن ویلفیئر سٹورز کے آن لائن پورٹل کا بھی جائزہ لیا اور اسیران کی خریداری کے عمل اور دلچسپی کا مشاہدہ کیا۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ پنجاب کی جیلوں کو پورے خطے کیلئے مثالی اصلاحی مراکز میں تبدیل کیا جا رہا ہے، اسیران کو تعلیم، تربیت، نفسیاتی امداد اور بہتر ماحول فراہم کرکے انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کے مشن پر گامزن ہیں۔ سیکرٹری داخلہ نے ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ اور متعلقہ ڈی آئی جی پریزن کو اپنی انسپکشن اور مانیٹرنگ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ جیل خانہ جات میں خود احتسابی کے نظام کو مزید فعال کیا جا رہا ہے، محکمہ داخلہ نااہلی اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جیلوں سے متعلق شہریوں کی شکایات کے براہ راست ازالے کیلئے سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پریزن کے رابطہ نمبرز بھی شہریوں کو فراہم کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی شکایت کی صورت میں براہ راست رابطہ کیا جا سکے۔ سیکرٹری داخلہ کے مطابق پنجاب بھر کی جیلوں میں اسیران اب اپنی ضرورت کی 74 بنیادی اشیاء جیل کے اندر شفاف انداز میں خرید سکتے ہیں، ہر قیدی کی خریداری اور متعلقہ اشیاء کی قیمتوں کی تفصیلات بھی آن لائن پورٹل پر دستیاب ہیں۔