پنجاب میں ٹریفک نظام بہتر بنانے کیلئے نئی ہدایات جاری

09-01-2026

(لاہور نیوز) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبے بھر میں ٹریفک مینجمنٹ بہتر بنانے کے لیے جامع مراسلہ جاری کر دیا۔

مراسلے کے مطابق لاہور کی مال روڈ اور جیل روڈ پر پیدل چلنے والوں کے لیے الیکٹرانک سگنلز نصب کیے جائیں گے جبکہ ان دونوں شاہراہوں پر سروے کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ مراسلے میں شاہدرہ اور ٹھوکر نیاز بیگ سمیت لاہور کے تمام داخلی و خارجی پوائنٹس پر ٹریفک مینجمنٹ بہتر بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ فیروزپور روڈ کو ماڈل روڈ قرار دیتے ہوئے مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ، رائیونڈ روڈ اور پائن ایونیو پر بھی نئے ٹریفک سگنلز نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی، پنجاب بھر میں اوورلوڈنگ کے خلاف کریک ڈاؤن اور شہری سڑکوں سے بھکاریوں کو قانون کے مطابق ہٹانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ مراسلے کے مطابق ریت، مٹی اور کچرا لے جانے والی ٹرالیوں اور ٹریلرز کو اپنا مال ڈھانپنا لازمی ہوگا، جبکہ اس حوالے سے 15 روز میں خصوصی کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ مزید ہدایت کی گئی ہے کہ آئندہ گنے کے سیزن میں اوورسائزڈ گنے کی ٹرالیوں پر پابندی عائد ہو گی جبکہ شہری علاقوں میں لین ڈسپلن کو یقینی بنانے کے لیے موٹر سائیکل اور رکشہ لینز بھی قائم کی جائیں گی۔