وزیر اعلیٰ نے معاون خصوصی شعیب مرزا اور ڈپٹی کمشنر لاہور کوسی ایم میرٹ بیج سے نواز دیا

09-01-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام کی خدمت، حفاظت اور ریلیف کے اقدامات پر صوبائی معاون خصوصی شعیب مرزا اور ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کو سی ایم میرٹ بیج سے نواز دیا۔

تقریب میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبائی معاون خصوصی شعیب مرزا اور ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کو سی ایم میرٹ بیج لگایا, معاون خصوصی شعیب مرزا  نے مریدکے اور فیروز والا کے دیہات میں اچانک پانی پہنچنے کے بعد ریسکیو اور ریلیف ورک کی خود نگرانی کی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز ہربنس پورہ میں چھت گرنے کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئے اور 16 گھنٹے مسلسل جائے حادثہ پر موجود رہے، ان کی کاوشوں سے ہربنس پورہ سانحے میں پانچ قیمتی انسانی جانیں بچانا ممکن ہوا۔ وزیر اعلیٰ  نے کہا کہ دکھ سکھ میں عوام کے ساتھ کھڑا ہونا اور موجود رہنا قابل قدر ہے، عوام پر مشکل آئے تو افسران دفتروں میں نہ بیٹھیں بلکہ ان کے ساتھ کھڑے ہوں، مجھے خوشی ہے کہ میری ٹیم میں شعیب مرزا اور علی اعجاز جیسے لوگ موجود ہیں۔ مریم نواز  نے معاون خصوصی شعیب مرزا اور ڈپٹی کمشنر علی اعجاز کو شاباش دی اور ان کی خدمات کو سراہا، وزیر اعلیٰ نے دونوں افسران کو عوامی خدمت کے جذبے سے کام جاری رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت کیلئے اپنا سکھ چین تج دینے والے حقیقی ہیرو ہوتے ہیں۔