بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، لیسکو کا ترسیلی نظام بھی جواب دے گیا
09-01-2026
(لاہور نیوز) شدید گرمی اور حبس کے دوران لاہور سمیت لیسکو ریجن میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور مبینہ جبری لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق لیسکو کے سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے دعووں کے باوجود ریجن میں بجلی کے ترسیلی نظام کی خامیاں صارفین کیلئے وبال جان بن گئی ہیں، متعدد علاقوں میں ٹرانسفارمرز اور دیگر ترسیلی آلات بجلی کا اضافی بوجھ برداشت نہیں کر پا رہے، جس کے باعث بار بار تکنیکی خرابیاں پیدا ہو رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی پیداوار میں کمی اور لیسکو کے خستہ حال ڈسٹری بیوشن سسٹم کے باعث شہریوں کو دہرے عذاب کا سامنا ہے، ایک جانب لوڈشیڈنگ جاری ہے تو دوسری جانب تکنیکی خرابیوں کے باعث بجلی کی فراہمی بار بار معطل ہو رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایل این جی کی عدم دستیابی کے باعث بجلی کی پیداوار میں کمی ہوئی ہے، جس کے اثرات بجلی کی فراہمی پر پڑ رہے ہیں، شام ہوتے ہی مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شدت اختیار کر جاتا ہے، جبکہ رات کے اوقات میں بجلی کی آنکھ مچولی نے شہریوں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کے نام پر وقفے وقفے سے بجلی بند کی جا رہی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں ہر گھنٹے کے بعد ایک گھنٹے تک غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی اطلاعات ہیں، ذرائع کے مطابق ہائی لاسز فیڈرز پر 2 سے 6 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ شام اور رات کے اوقات میں ٹرپنگ نے بھی شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، ذرائع کے مطابق لوڈشیڈنگ کے بعد بجلی بحال ہوتے ہی ٹرانسفارمرز کے جمپر اترنے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ گنجان آباد علاقوں میں ٹرانسفارمرز خراب ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کی شکایات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے، ٹرانسفارمر خراب ہونے کی صورت میں شہری کئی کئی گھنٹے بجلی سے محروم رہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دن کے اوقات میں سولر سسٹمز فعال ہونے کے باعث لیسکو کی طلب تقریباً 3,500 سے 3,700 میگاواٹ تک رہتی ہے، تاہم رات کے وقت سولر سسٹمز بند ہونے سے طلب بڑھ کر تقریباً 5,200 میگاواٹ تک پہنچ جاتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں بڑھتی ہوئی طلب، بجلی کی پیداوار میں کمی اور ترسیلی نظام کی خامیاں لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں، غیر اعلانیہ اور مبینہ جبری لوڈشیڈنگ کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں، جبکہ گرمی اور حبس میں بار بار بجلی کی بندش نے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔