سکولز داخلوں کا ہدف پورا کرنے میں ناکام، سربراہان سے جواب طلب

09-01-2026

(لاہور نیوز) داخلہ مہم کے باوجود لاہور کے 190 ہائی سکولز رواں تعلیمی سال کیلئے مقرر کردہ داخلوں کا ہدف پورا کرنے میں ناکام ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ایجوکیشن اتھارٹی لاہور  نے داخلوں کا ہدف پورا نہ کرنے والے 190 ہائی سکولوں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ یکم ستمبر سہ پہر 3 بجے تک مقررہ داخلوں کا ہدف ہر صورت مکمل کیا جائے، ایجوکیشن اتھارٹی لاہور  نے متعلقہ سکول سربراہان سے جواب طلب کر لیا۔ سکول سربراہان کا کہنا ہے کہ داخلہ مہم اور دیگر اقدامات کے باوجود مطلوبہ تعداد میں طلبہ کے داخلے ممکن نہیں ہو سکے، ان کا مؤقف ہے کہ بوگس طلبہ کے داخلے کی صورت میں نادرا کی جانب سے ریکارڈ ریجیکٹ کر دیا جاتا ہے، صرف نمبرز پورے کرنے کیلئے بوگس داخلے نہیں کئے جا سکتے، اس لئے حقیقی طلبہ کے داخلوں کے ذریعے ہی اہداف حاصل کرنا ممکن ہے۔ دوسری جانب ایجوکیشن اتھارٹی لاہور  نے واضح کیا ہے کہ مقررہ داخلوں کے اہداف پورے نہ کرنے والے سکول سربراہان کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکام  نے متعلقہ سکول سربراہان کو مقررہ وقت تک داخلوں کا ہدف مکمل کرنے اور اس حوالے سے پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔