ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کی ڈسپنسری ٹی ایچ کیو ہسپتال سے منسلک کرنے کی ہدایت

09-01-2026

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کا دورہ کرتے ہوئے ادارے کیلئے خصوصی طبی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔

صوبائی وزیر صحت نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کی ڈسپنسری کا معائنہ کیا اور وہاں دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا، اس موقع پر ایکٹنگ کمانڈنٹ ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول میجر ظفر اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ایس پی عیسیٰ سکھیرا، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریننگ میجر علی اسد اللہ اور میجر محمد اسد جمال بھی موجود تھے۔ خواجہ عمران نذیر  نے ہدایت کی کہ ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کی ڈسپنسری کو فوری طور پر قریبی ٹی ایچ کیو ہسپتال سے منسلک کیا جائے، جبکہ ڈسپنسری میں لیڈی ڈاکٹر اور میل ڈاکٹر تعینات کئے جائیں۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کیلئے تعینات کئے جانے والے ڈاکٹرز ٹراما کوالیفائیڈ ہونے چاہئیں، انہوں  نے ڈسپنسری میں بیڈز اور جدید طبی آلات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ ڈسپنسری میں کارڈیک مانیٹرز اور ای سی جی مشینیں بھی فراہم کی جائیں اور ادویات کی دستیابی میں کسی قسم کی کمی نہیں ہونی چاہئے۔ خواجہ عمران نذیر  نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کی ایمبولینس کو اپ گریڈ کرنے کی ہدایت بھی کی اور اس سلسلے میں موقع پر ہی ڈی جی ریسکیو 1122 سے رابطہ کیا، انہوں  نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول میں فوری طبی سکریننگ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سی ای او ہیلتھ کو سکریننگ کا فوری انتظام کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول میں ہفتے میں دو بار، متبادل دنوں میں کلینک آن ویلز اور فیلڈ ہسپتال تعینات ہونے چاہئیں تاکہ اہلکاروں کو بروقت طبی سہولیات میسر آ سکیں۔ اس موقع پر ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کو ادویات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، خواجہ عمران نذیر  کے مطابق سکریننگ اور فیلڈ ہسپتال کے ذریعے رجسٹرڈ مریضوں کو گھر پر ادویات فراہم کی جائیں گی۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ایلیٹ فورس کے جوان قوم کے تحفظ کیلئے فرنٹ لائن پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور سی ٹی ڈی، کچے اور دیگر اہم محاذوں پر ایلیٹ فورس کی خدمات قابلِ تحسین ہیں، پولیس اہلکاروں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔