انگلینڈ کیخلاف سیریز، پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف پُراعتماد

09-01-2026

(لاہور نیوز) پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل ٹیم کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انگلینڈ کے لیے ہماری تیاریاں اچھی جا رہی ہیں اور تمام کھلاڑی پُرجوش ہیں۔

فرحان یوسف کا کہنا ہے کہ انہوں نے انگلینڈ کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے بھرپور تیاری کی ہے، جبکہ ملتان کی مشکل کنڈیشنز میں ہونے والی تیاریوں سے بھی ٹیم کو فائدہ ہوا ہے۔ کپتان پاکستان انڈر 19 نے کہا کہ انگلینڈ کے موسم اور وہاں کی کنڈیشنز سے جلد ہم آہنگ ہونا اہم ہوگا، ٹیم میں بہت اچھی ہم آہنگی ہے اور تمام کھلاڑی اچھی طرح تیار ہیں۔ فرحان یوسف نے کہا کہ انہیں ٹیم کے تمام کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد ہے اور امید ہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم انگلینڈ میں اچھے نتائج حاصل کرے گی۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم انگلینڈ کے ارنڈیل میں 2 سے 5 ستمبر تک یوتھ ٹیسٹ میچ کھیلے گی، جس کے بعد قومی جونیئر ٹیم 9 سے 16 ستمبر تک انگلینڈ کے خلاف چار ایک روزہ میچز بھی کھیلے گی۔