بدترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف صدر، وزیر اعظم کو یاد دہانی نوٹس ارسال

09-01-2026

(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں مبینہ بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف صدر مملکت اور وزیراعظم کو نوٹس ارسال کر دیا گیا۔

نوٹس جوڈیشل ایکٹوزم پینل کے سربراہ محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے ارسال کیا گیا، جس میں سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کی مبینہ خلاف ورزی کی نشاندہی کرتے ہوئے یاد دہانی نوٹس بھیجا گیا ہے۔ نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں بجلی کی بندش کا سلسلہ بدترین صورت اختیار کر چکا ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پنجاب میں بجلی کی بندش کا مکمل فیڈر وائز شیڈول اور لوڈ مینجمنٹ کی تفصیلات فراہم کی جائیں، جبکہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجوہات اور اس کے ذمہ دار افسران کی تفصیلات بھی سامنے لائی جائیں۔ محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے مطابق لاہور میں بار بار بجلی کی ٹرپنگ، براؤن آؤٹ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی شکایات سامنے آرہی ہیں، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہسپتالوں، ایمرجنسی سروسز، آئی سی یوز اور دیگر حساس طبی یونٹس میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ مریضوں کی زندگیوں کو خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے، نوٹس کے ذریعے متعلقہ حکام سے بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کی وجوہات، ذمہ داران اور لوڈ مینجمنٹ سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔