ویسٹ کولیکشن پوائنٹس پر شجرکاری کا فیصلہ
09-01-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ویسٹ کولیکشن پوائنٹس اور ویسٹ انکلوژرز پر شجرکاری شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری بلدیات زید بن مقصود، ڈی جی سُتھرا پنجاب اتھارٹی عمر جاوید اور ضلعی مینجنگ ڈائریکٹرز سُتھرا پنجاب ایجنسیز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں سُتھرا پنجاب ایجنسیز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ عارضی کولیکشن پوائنٹس اور ویسٹ انکلوژرز پر ایک ہفتے کے اندر شجرکاری شروع کی جائے جبکہ ڈمپ سائٹس کے اردگرد بھی پودے لگائے جائیں، سُتھرا پنجاب کے فیلڈ مانیٹرنگ اور اینٹی لٹرنگ سٹاف کیلئے یونیفارم بھی لازمی قرار دے دی گئی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ ویسٹ انکلوژرز اور کولیکشن پوائنٹس کی مرمت کا کام بھی شجرکاری کے ساتھ ساتھ جاری رہنا چاہئے، جہاں ضرورت ہو وہاں عارضی کولیکشن پوائنٹس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن آپریشنز کی جیوفینسنگ پر کام جاری ہے اور اب تک 1,992 یونین کونسلز کی میپنگ مکمل ہو چکی ہے، پی آئی ٹی بی جیوفینسنگ کے کام میں سُتھرا پنجاب کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ ستمبر سے اینٹی لٹرنگ سٹاف کی انسپکشنز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، اینٹی لٹرنگ سکواڈز کو مارکیٹوں کے ساتھ ساتھ محلوں کا بھی باقاعدگی سے معائنہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں گندگی کی روک تھام کیلئے آگاہی مہم تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، ذیشان رفیق نے کہا کہ عوامی شکایات پر ایکشن کی شرح 96 فیصد ہونا قابل اطمینان ہے، تاہم شکایات کے ازالے میں تاخیر پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ وزیر بلدیات نے متعلقہ حکام کو صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔