پولیس لائنز میں فائر سیفٹی انتظامات، اہم مقامات پر فائر سیفٹی سلنڈرز نصب

09-01-2026

(لاہور نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران کی ہدایت پر پولیس لائنز میں فائر سیفٹی کے انتظامات مزید مؤثر بناتے ہوئے مختلف دفاتر اور اہم مقامات پر فائر سیفٹی سلنڈرز نصب کر دیئے گئے۔

ایس پی ہیڈکوارٹرز کی زیر نگرانی پولیس لائنز کے تمام اہم مقامات پر فائر سیفٹی کے انتظامات مکمل کئے گئے، اس موقع پر متعلقہ دفاتر کے عملے اور ماتحت سٹاف کو فائر سیفٹی سلنڈرز  کے استعمال کی عملی تربیت بھی دی گئی۔ ایس پی ہیڈکوارٹرز محمد کا کہنا ہے کہ فائر سیفٹی سلنڈرز کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ابتدائی سطح پر آگ پر قابو پانے اور بڑے نقصان سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اہلکاروں کو فائر ایکسٹنگوشرز کے درست استعمال اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی عملی تربیت فراہم کی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ایس پی آفس، ڈی ایس پیز کے دفاتر، انسپکٹر لائنز، لائنز افسر، لیڈیز ہاسٹل اور ڈے کیئر سینٹر سمیت مختلف مقامات پر فائر سیفٹی سلنڈرز نصب کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس لائنز ہسپتال، وردی گودام، متفرق سٹور، اینٹی رائٹ سٹور، جنرل کوارٹر، دھوبی گھاٹ، ری کریئیشن ہال، میس ہال، ایم ٹی سیکشن، مسجد اور مین گیٹس سمیت دیگر اہم مقامات پر بھی فائر سیفٹی سلنڈرز کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائر سیفٹی کے اقدامات کا مقصد پولیس لائنز میں اہلکاروں، شہریوں اور سرکاری املاک کے تحفظ کو یقینی بنانا اور کسی بھی ممکنہ آتشزدگی کی صورت میں بروقت کارروائی کرنا ہے۔