ہاکی ورلڈ کپ2026 : پاکستان کے عظیم کھلاڑی شہباز سینئر کی اختتامی تقریب میں شرکت

09-01-2026

(ویب ڈیسک) پاکستانی ہاکی کے عظیم کھلاڑی اور سابق کپتان شہباز احمد سینئر نے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کی اختتامی تقریب میں ایک بار پھر عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کردیا ہے۔

 انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (FIH) کی جانب سے ورلڈ کپ 2026 کی اختتامی تقریب میں پاکستانی ہاکی لیجنڈ شہباز احمد سینئر کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ پیش کرنے کے لیے خصوصی طور پر مدعو کیا گیا، شہباز احمد سینئر نے یہ اعزاز ارجنٹائن کے فارورڈ تھامس ڈومینے کو پیش کیا جنہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، ڈومینے نے ایونٹ میں 10 گول کے ساتھ ٹاپ سکورر کا اعزاز بھی حاصل کیا۔   ’’ہاکی کے میراڈونا‘‘ کے نام سے شہرت رکھنے والے شہباز احمد سینئر کی عالمی ہاکی میں شرکت پاکستان کے اس سنہری دور کی یاد تازہ کرتی ہے جب گرین شرٹس کا شمار دنیا کی مضبوط ترین ہاکی ٹیموں میں ہوتا تھا۔   شہباز احمد سینئر 1994 میں سڈنی میں ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان کی فاتح ٹیم کے کپتان تھے، پاکستان نے فائنل میں نیدرلینڈز کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر عالمی اعزاز اپنے نام کیا تھا۔  ان کا انفرادی ریکارڈ بھی عالمی ہاکی میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، شہباز احمد سینئر ہاکی کی تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے مسلسل دو ورلڈ کپ، 1990 اور 1994، میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل کیا۔  ایف آئی ایچ کے ریکارڈ کے مطابق انہوں نے پاکستان کی جانب سے 304 بین الاقوامی میچز کھیلے، جو طویل عرصے تک قومی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ میچز کھیلنے کا ریکارڈ رہا۔  شہباز احمد سینئر نے 1990 کے لاہور ورلڈ کپ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔   1994 میں سڈنی ورلڈ کپ میں بھی وہ اسی اعزاز کے حقدار قرار پائے، یوں وہ مسلسل دو ورلڈ کپ میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے ہاکی کی تاریخ کے واحد کھلاڑی بن گئے۔