نادرا کا ریٹائرڈ ملازمین کیلئے تصدیقِ حیات سرٹیفکیٹ مفت کرنے کا اعلان

09-01-2026

(ویب ڈیسک) نادرا نے ریٹائرڈ ملازمین کیلئے پروف آف لائف یعنی تصدیقِ حیات کا سرٹیفکیٹ مفت کرنے کا اعلان کر دیا۔

نادرا کی جانب سے پنشن کے اہل ریٹائرڈ ملازمین کیلئے اہم سہولت متعارف کرائی گئی ہے، جس کے تحت اب پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے کوئی فیس ادا نہیں کرنا ہو گی۔ اس سہولت کو مزید آسان بناتے ہوئے پنشنرز اب نادرا دفتر گئے بغیر پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے بھی اپنی تصدیقِ حیات کرا سکیں گے۔ وہ بزرگ پنشنرز جو خود موبائل ایپ استعمال کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، ان کے خاندان کا کوئی فرد بھی مقررہ شناختی تصدیق کے عمل کے بعد ان کی جانب سے یہ سہولت حاصل کر سکے گا۔ نادرا کے مطابق ملک بھر میں 5 ہزار سے زائد ای سہولت فرنچائزز، 988 سے زائد نادرا مراکز اور 500 سے زائد یونین کونسلز سے بھی پروف آف لائف سرٹیفکیٹ مفت حاصل کیا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ بزرگ، صاحبِ فراش اور کم نقل و حرکت والے افراد کیلئے نادرا کی موبائل سروسز بھی دستیاب ہوں گی، تاکہ ایسے افراد کو تصدیقِ حیات کیلئے گھر سے باہر جانے کی زحمت نہ اٹھانا پڑے۔ نئی سہولت کے بعد پنشنرز کیلئے تصدیقِ حیات کا عمل نہ صرف مفت بلکہ آسان اور بڑی حد تک گھر بیٹھے مکمل کیا جا سکے گا۔