کورم پورا رکھنے کیلئے پنجاب اسمبلی میں ارکان کی حاضری یقینی بنانے کی حکومتی حکمت عملی تیار
08-31-2026
(لاہور نیوز) حکمران جماعت کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں کورم برقرار رکھنے اور ارکان کی حاضری یقینی بنانے کیلئے سخت حکمت عملی تیار کر لی گئی۔
اسمبلی اجلاس سے غیر حاضری کی صورت میں ارکان کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمٰن کو ارکان اسمبلی کی حاضری یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس ضمن میں چیف وہپ رانا ارشد کو بھی ارکان کی بروقت اور مکمل حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، حکمت عملی کے تحت پنجاب اسمبلی کے ہر اجلاس کی نشست میں ارکان کی حاضری سے متعلق رپورٹ تیار کر کے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ بھجوائی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں خواتین ارکان اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹریز کی سو فیصد حاضری یقینی بنانے پر توجہ دی جائے گی، اجلاس سے غیر حاضر رہنے والی خاتون رکن اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری کے خلاف بھی تادیبی کارروائی کی جائے گی۔