ٹریفک نظام بہتر بنانے کیلئے ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم لگایا ہے، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب
08-31-2026
(لاہور نیوز) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے کہا ہے کہ صوبے میں ٹریفک نظام بہتر بنانے اور لائسنسنگ کے عمل میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم نافذ کیا گیا ہے۔
لاہور نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے بتایا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے ہونے والے سائن ٹیسٹ، ڈرائیونگ ٹیسٹ سمیت لائسنسنگ کے تمام مراحل کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر کرپشن کی روک تھام کیلئے ٹریفک اہلکاروں پر باڈی کیم مرحلہ وار نصب کئے جا رہے ہیں، تاکہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور اہلکاروں کی کارروائیوں کو مؤثر انداز میں مانیٹر کیا جا سکے، ایل ٹی وی اور ایچ ٹی وی ڈرائیونگ لائسنسنگ کے دوران متعلقہ افسران موقع پر موجود ہوتے ہیں، جبکہ لائسنس بنانے کے تمام مراحل کی ویڈیو بھی محفوظ کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کسی شہری کی جانب سے شکایت موصول ہونے کی صورت میں متعلقہ ویڈیو ریکارڈنگ کا جائزہ لیا جاتا ہے اور حقائق کی روشنی میں کارروائی کی جاتی ہے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا مقصد ٹریفک نظام میں شفافیت لانا، کرپشن کی روک تھام اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔