کار ڈرائیور کو ہیرو بننا مہنگا پڑ گیا، گاڑی سمیت حوالات میں بند
08-31-2026
(لاہور نیوز) مال روڈ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کار سوار کو روکنا ٹریفک اسسٹنٹ کو مہنگا پڑ گیا، کار سوار نے مبینہ طور پر آپے سے باہر ہوتے ہوئے ٹریفک اسسٹنٹ کو تشدد کا نشانہ بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق مال روڈ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ٹریفک اسسٹنٹ نے کار سوار کو روکا تو ملزم جنید سلیم نے مبینہ طور پر مشتعل ہو کر ٹریفک اسسٹنٹ سے بدسلوکی کی اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کا سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے نوٹس لیتے ہوئے ملزم کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی ہدایت کی، جس پر پولیس نے جنید سلیم کو گرفتار کرکے گاڑی سمیت تھانہ سول لائنز منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ سول لائنز میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ کسی بھی شہری کی عزتِ نفس مجروح نہیں ہونے دی جائے گی، تاہم یونیفارم کی عزت پر بھی آنچ نہیں آنے دیں گے، وارڈنز شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت سڑکوں پر موجود رہتے ہیں، اس لئے ٹریفک اہلکاروں کے ساتھ ایسا رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملزم کے خلاف مکمل قانونی چارہ جوئی کی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی یا سرکاری اہلکار سے بدسلوکی کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔