دورۂ انگلینڈ: قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی، تیسرے ٹیسٹ کیلئے تبدیلیوں کا فیصلہ

08-31-2026

(لاہور نیوز) دورۂ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کی غیرمعیاری کارکردگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حکام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔

لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد ٹیم انتظامیہ اور بورڈ حکام کے درمیان ہوٹل میں اہم اجلاس ہوا، جس میں موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ہنگامی اقدامات پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق تیسرے ٹیسٹ سے قبل قومی ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے، جبکہ مزید کرکٹرز کو پاکستان سے انگلینڈ طلب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، صائم ایوب اور عرفات منہاس کو انگلینڈ طلب کر لیا گیا ہے، جبکہ دیگر کھلاڑیوں کو ویزے ملنے کے بعد انگلینڈ بھیجا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان اور امام الحق کو وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، امام الحق کی انجری کے معاملے پر تحقیقات کئے جانے کا امکان ہے، جبکہ اس حوالے سے مزید فیصلہ بھی متوقع ہے۔ دوسری جانب تیسرے ٹیسٹ میچ کیلئے ٹیم کے معاملات میں مائیک ہیسن، سرفراز احمد کے ساتھ مل کر اہم امور دیکھیں گے، تیسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون اور حکمت عملی میں نمایاں تبدیلیاں متوقع ہیں۔ بورڈ حکام  نے لارڈز ٹیسٹ میں ٹیم کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔