لاہور: کم عمر بچوں سے بدفعلی کے واقعات میں 20 فیصد اضافہ

08-30-2026

(لاہور نیوز) شہر میں کم عمر بچوں سے بدفعلی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ سامنے آیا ہے، رواں سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران 484 مقدمات درج ہوئے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہیں۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق سال 2025ء کے پہلے 7 ماہ کے دوران بچوں سے بدفعلی کے 402 مقدمات درج ہوئے تھے جبکہ رواں سال اسی مدت میں یہ تعداد بڑھ کر 484 ہو گئی اعداد و شمار کے مطابق سٹی ڈویژن میں گزشتہ سال 72 کے مقابلے میں رواں سال 80، کینٹ ڈویژن میں 109 کے مقابلے میں 112 جبکہ سول لائنز ڈویژن میں 21 کے مقابلے میں 30 مقدمات درج ہوئے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق صدر ڈویژن میں بچوں سے بدفعلی کے مقدمات کی تعداد 78 سے بڑھ کر 110 ہوگئی، جبکہ اقبال ٹاؤن ڈویژن میں 42 کے مقابلے میں رواں سال 76 مقدمات درج ہوئے دوسری جانب ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں گزشتہ سال 80 کے مقابلے میں رواں سال 76 مقدمات رپورٹ ہوئے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق لاہور کے مختلف ڈویژنز میں بچوں سے بدفعلی کے واقعات میں مجموعی طور پر اضافہ ہوا ہے، جبکہ متعلقہ پولیس کی جانب سے درج مقدمات کی بنیاد پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔