ڈی آئی جی لاہور پولیس کا پہلی فیس بک کھلی کچہری کا انعقاد
08-30-2026
(لاہور نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز نے پولیسنگ کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم تک پہنچانے کے لیے پہلی فیس بک کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے 10 ہزار سے زائد شہری آن لائن شریک ہوئے۔
45 منٹ جاری رہنے والی آن لائن کھلی کچہری میں شہریوں نے اپنے مسائل اور شکایات فیس بک کے ذریعے پیش کیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے متعدد شہریوں کو خود فون کرکے ان کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو شکایات کے ترجیحی بنیادوں پر ازالے کی ہدایت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے افسران کو شہریوں کو شکایات کے حل سے متعلق فیڈ بیک دینے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ’’آپ کی رائے ہمارے لیے مقدم ہے، آپ کی نشاندہی پر ایکشن ہوگا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ شکایت کے حل تک فالو اَپ کے لیے مؤثر میکانزم بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کی شکایات صرف درج نہ ہوں بلکہ ان کا نتیجہ بھی سامنے آئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں سے معاشرتی اور سماجی برائیوں کی نشاندہی کرکے پولیس کا ساتھ دینے کی اپیل بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ مساج سنٹرز کی آڑ میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی نظر آئے گی جبکہ جعلساز ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے متعلق بھی شہری محتاط رہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں کو ہدایت کی کہ پلاٹ یا پراپرٹی خریدنے سے پہلے ایل ڈی اے سے متعلقہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی منظوری کی تصدیق کریں اور ہر قسم کے لین دین کے لیے تحریری معاہدہ ضرور کریں۔