پنجاب میں ’’اے آئی پاورڈ ملٹی ڈیزیز سکینر‘‘ متعارف کرانے کا فیصلہ
08-30-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں مریضوں کے لیے ’’اے آئی پاورڈ ملٹی ڈیزیز سکینر‘‘ متعارف کرانے کا اصولی فیصلہ کر لیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو معروف چینی کمپنی علی بابا کے ایگزیکٹوز کی میٹنگ میں جدید مصنوعی ذہانت سے لیس طبی سکینر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ’’اے آئی پاورڈ ملٹی ڈیزیز سکینر‘‘ کے ذریعے کنٹراسٹ سی ٹی اسکین کی مدد سے تقریباً دو منٹ میں متعدد بیماریوں کی تشخیص ممکن ہوگی۔ جدید ٹیکنالوجی بیماری کی اسکریننگ، تشخیص، علاج اور مینجمنٹ کے عمل میں معاون ثابت ہوگی۔ اے آئی پاورڈ سکینر کے ذریعے مختلف اقسام کے مہلک کینسر کی بروقت اسکریننگ اور نشاندہی بھی ممکن ہوگی، جن میں لبلبے (Pancreatic)، جگر (Liver)، معدے (Gastric)، غذائی نالی (Esophageal) اور بڑی آنت (Colorectal) کے کینسر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سکینر کے ذریعے شہ رگ سے متعلق Acute Aortic Syndrome کی تشخیص، دل اور خون کی شریانوں سے متعلق بیماریوں کے خطرات (CVD Risk Assessment) کا جائزہ اور جسم میں چربی و پٹھوں (Fat and Muscle Quantification) کی مقدار کا اندازہ بھی لگایا جا سکے گا۔ جدید اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے ہڈیوں کی کمزوری (Osteoporosis Assessment) اور جگر پر چربی (Fatty Liver Assessment) کی بھی تشخیص میں معاونت حاصل ہوگی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اے آئی پاورڈ ملٹی ڈیزیز سکینر طبی تشخیص کے عمل کو تیز اور مؤثر بنانے میں اہم پیشرفت ہے، تاہم یہ نظام روایتی تشخیصی طریقوں کے ساتھ معاون ٹیکنالوجی کے طور پر کام کرے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے علی بابا کے ایگزیکٹوز کی جانب سے پیش کی گئی جدید ٹیکنالوجی میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور سکینر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں ’’اے آئی پاورڈ ملٹی ڈیزیز سکینر‘‘ متعارف کرانے کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام کو اس کے پائلٹ پراجیکٹ کی تیاری کا حکم دے دیا۔