لاہور میں پنکی طرز کے منشیات فروشی کے نیٹ ورک کا انکشاف
08-30-2026
(لاہور نیوز) شہر میں منشیات فروشی کے ایک منظم نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے، جہاں پولیس ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے لاہور کے پوش علاقوں میں ویڈ اور آئس کی مبینہ سپلائی کی جا رہی ہے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق منشیات فروشوں کے خلاف درج مقدمات کی تفتیش کے دوران مبینہ طور پر ویڈ اور آئس سپلائی کرنے والے ایک بڑے ڈیلر کا نام سامنے آیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق احمد عرف پیر لالہ خان اسلام آباد کے علاقے ای الیون کا رہائشی ہے اور مبینہ طور پر لاہور میں ویڈ اور آئس سپلائی کرنے والے بڑے ڈیلرز میں شامل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ احمد عرف پیر لالہ خان طویل عرصے سے لاہور میں منشیات سپلائی کے مبینہ کاروبار سے منسلک ہے، جبکہ ڈیفنس، گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، کیولری سمیت دیگر پوش علاقوں میں ہائی سوسائٹی کو ویڈ اور آئس کی مبینہ سپلائی کی جاتی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اسلام آباد اور لاہور پولیس کے درمیان مبینہ رابطوں کے فقدان کے باعث احمد عرف پیر لالہ خان کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں لائی جا سکی۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ منشیات فروشوں نے اپنے اپنے علاقوں اور شہروں کو تقسیم کر رکھا ہے، جس کے باعث مختلف ڈیلرز مخصوص علاقوں میں منشیات کی مبینہ سپلائی کرتے ہیں۔ سی سی ڈی پولیس ذرائع کے مطابق جس طرح ماضی میں پنکی کے لاہور میں بیٹھ کر کراچی کو مبینہ طور پر منشیات سپلائی کرنے کا معاملہ سامنے آیا تھا، اسی طرز پر احمد عرف پیر لالہ خان اسلام آباد میں بیٹھ کر لاہور میں ویڈ اور آئس کی مبینہ سپلائی کر رہا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور مبینہ منشیات سپلائی نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی نشاندہی بھی کی جا رہی ہے۔