موٹروے پولیس کی ’’ہماری آنکھیں بنیں‘‘ آگاہی مہم ، مسافر گاڑیوں پر شکایتی کیوآر کوڈ سٹیکرز نصب

08-30-2026

(لاہور نیوز) موٹروے پولیس نے مسافروں کی شکایات براہِ راست پولیس تک پہنچانے کے لیے ’’ہماری آنکھیں بنیں‘‘ کے نام سے آگاہی مہم کا آغاز کر دیا۔

ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق مسافر گاڑیوں پر شکایتی کیو آر کوڈ سٹیکرز نصب کر دیے گئے ہیں، جنہیں اسکین کرکے مسافر ڈرائیور کے خلاف فوری شکایت درج کرا سکیں گے۔ ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق کیو آر کوڈ کے ذریعے اوور لوڈنگ، زائد کرایہ وصولی، خطرناک اور غیر محفوظ ڈرائیونگ، بدسلوکی اور دیگر ٹریفک خلاف ورزیوں کی اطلاع موٹروے پولیس کو دی جا سکے گی۔ مسافر گاڑیوں کے اڈوں پر بھی شکایتی کیو آر کوڈ سٹیکرز آویزاں کر دیے گئے ہیں، تاکہ مسافروں کو شکایات درج کرانے میں آسانی ہو۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ کیو آر کوڈ نظام کے ذریعے مسافروں کی آواز براہِ راست موٹروے پولیس تک پہنچے گی، جبکہ غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک ڈرائیونگ کرنے والے ڈرائیوروں کا احتساب مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔ مسافروں کی شکایات اور رہنمائی کے لیے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 بھی دستیاب ہے۔ سید عمران احمد نے کہا کہ ’’ہماری آنکھیں بنیں‘‘ مہم کا مقصد مسافروں کو بااختیار بنانا اور شاہراہوں پر محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے عوام اور موٹروے پولیس کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنانا ہے۔