ٹماٹر اور پیاز مزید مہنگے، سرکاری ریٹ لسٹ کے برعکس سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ
08-30-2026
(لاہور نیوز) ٹماٹر اور پیاز سمیت متعدد سبزیوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ملکی ٹماٹر کے سرکاری نرخ میں 30 روپے فی کلو اضافہ کرتے ہوئے نئی قیمت 175 روپے فی کلو مقرر کردی گئی۔
مارکیٹ میں درجہ اول کے ملکی ٹماٹر 250 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں، جبکہ درجہ دوم ٹماٹر کی قیمت 200 روپے فی کلو ہے۔ ایرانی ٹماٹر تاحال منڈی میں دستیاب نہیں ہوسکا۔ پیاز کے سرکاری نرخ میں بھی 5 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد سرکاری قیمت 195 روپے فی کلو مقرر کردی گئی۔ مارکیٹ میں درجہ اول پیاز 250 روپے فی کلو جبکہ مکس درجہ دوم پیاز 200 سے 220 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ آلو کا سرکاری نرخ 35 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں مکس آلو 50 روپے جبکہ درجہ اول آلو 60 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ سبز مرچ کا سرکاری نرخ 110 روپے فی کلو ہے، جبکہ مارکیٹ میں 120 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔ شملہ مرچ کا سرکاری نرخ 270 روپے مقرر ہے، لیکن مارکیٹ میں اس کی قیمت 350 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ ٹینڈے کا سرکاری نرخ 190 روپے فی کلو مقرر ہے، جبکہ مارکیٹ میں 220 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔ لہسن ہرنائی کے سرکاری نرخ میں 10 روپے اضافہ کرکے 290 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے، تاہم مارکیٹ میں لہسن 350 روپے فی کلو دستیاب ہے۔ ادرک کا سرکاری نرخ 330 روپے فی کلو مقرر ہے، جبکہ مارکیٹ میں اس کی قیمت 400 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ پھول گوبھی کا سرکاری نرخ 140 روپے فی کلو ہے، جبکہ مارکیٹ میں 180 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ بھنڈی کے سرکاری نرخ میں 10 روپے کمی کے بعد قیمت 160 روپے فی کلو مقرر کی گئی، تاہم مارکیٹ میں بھنڈی 200 سے 220 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ گھیا کدو کے سرکاری نرخ میں بھی 10 روپے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد قیمت 150 روپے فی کلو مقرر ہے، جبکہ مارکیٹ میں گھیا کدو 180 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ کریلا 120 روپے اور پالک 80 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ دوسری جانب برائلر گوشت کے نرخ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ برائلر گوشت کا سرکاری نرخ 483 روپے فی کلو برقرار ہے، جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت بھی 241 روپے فی درجن پر برقرار ہے۔