لاہور کی مارکیٹ میں خودساختہ نرخوں کا بازار گرم، ڈپٹی کمشنر کی ریٹ لسٹ نظرانداز

08-30-2026

(لاہور نیوز) شہر کی ہول سیل منڈی ہو یا پرچون بازار، دالیں مقررہ نرخ نامے کے مطابق نہ بکنا معمول بن گیا۔

ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ ریٹ لسٹ میں زمینی حقائق کے برعکس کم نرخ مقرر کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں دالیں اور چنے سرکاری نرخوں سے 20 سے 40 روپے فی کلو تک مہنگے فروخت کیے جا رہے ہیں۔ دال چنا باریک ڈپٹی کمشنر کی ریٹ لسٹ میں 200 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم ہول سیل منڈی میں یہ 240 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ اسی طرح دال چنا اسپیشل کا سرکاری نرخ 210 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 240 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔ دال مسور کی ریٹ لسٹ میں قیمت 200 روپے فی کلو مقرر ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں یہ 240 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ کالے چنے موٹے کا سرکاری نرخ 210 روپے فی کلو ہے، مگر مارکیٹ میں اس کی قیمت 240 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔ کالے چنے باریک ریٹ لسٹ کے مطابق 190 روپے فی کلو ہیں، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں 210 روپے فی کلو تک فروخت کیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب بیسن کی قیمت ڈپٹی کمشنر کی ریٹ لسٹ میں 200 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم ہول سیل مارکیٹ میں بیسن 260 روپے فی کلو تک فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری ریٹ لسٹ اور مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں واضح فرق کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ نامے پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور خودساختہ نرخ وصول کرنے والے دکانداروں اور مارکیٹ عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے۔