لاہور میں گرمی کی شدت برقرار، پی ڈی ایم اے کا مون سون اسپیل کا الرٹ
08-30-2026
(لاہور نیوز) شہر لاہور میں گرمی کی شدت برقرار ہے، تاہم مون سون کے آٹھویں اسپیل کے باعث آئندہ چند روز کے دوران بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے مون سون کے آٹھویں اسپیل کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق آج سے 5 ستمبر تک لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بادل برسنے کا امکان ہے۔ موسم کی موجودہ صورتحال کے مطابق لاہور کا درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آج کم سے کم درجہ حرارت 29 اور زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 62 فیصد تک جا پہنچا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق ہوا کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ دوسری جانب، گرمی اور نمی کے باعث لاہور میں محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت حقیقی درجہ حرارت سے زیادہ محسوس ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں بارش سے گرمی کی شدت میں عارضی کمی آنے کی توقع ہے۔