لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی پروگرام، پنجاب پولیس ہائی الرٹ
08-30-2026
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی برادری کے عباداتی و دعائیہ پروگراموں کے پیشِ نظر پنجاب پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے آر پی اوز، ڈی پی اوز اور دیگر سینئر پولیس افسران کو گرجا گھروں کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے احکامات جاری کر دیے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سپروائزری افسران گرجا گھروں، اہم اور حساس مقامات کے سکیورٹی انتظامات خود چیک کریں۔ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں گرجا گھروں کے اطراف مؤثر پٹرولنگ یقینی بنائیں، جبکہ تعینات پولیس افسران اور جوان انتہائی الرٹ رہیں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ عبدالکریم نے مزید ہدایت کی کہ گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ آئی جی پنجاب نے علما کرام، مسیحی کمیونٹی اور امن کمیٹیوں کے ارکان سے بھی اپیل کی کہ بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔