سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ سے تنگ نانبائیوں کا احتجاج کا اعلان
08-29-2026
(لاہور نیوز) سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ سے تنگ نانبائیوں نے احتجاج کا اعلان کر دیا۔
متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے 15 ستمبر کو سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) کے گورو مانگٹ دفتر کے باہر احتجاج کرنے کی کال دے دی۔ نان روٹی ایسوسی ایشن کے مطابق شہر بھر کے تندور مالکان احتجاج میں شرکت کریں گے، ان کا کاروبار براہ راست گیس سے منسلک ہے، تاہم گیس کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے۔ نانبائیوں کا مؤقف ہے کہ گیس کی عدم دستیابی کے باعث متبادل ایندھن کے طور پر ایل پی جی استعمال کرنا پڑ رہی ہے، لیکن ایل پی جی بھی سرکاری نرخ پر کہیں دستیاب نہیں، مہنگی ایل پی جی کے استعمال سے کاروباری اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے اور موجودہ حالات میں اخراجات پورے کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ گیس کی مسلسل لوڈشیڈنگ کے باعث تندور مالکان کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے، اس لئے حکومت اور متعلقہ حکام فوری طور پر مسئلے کا نوٹس لیں۔ ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ 15 ستمبر کے احتجاج کے باوجود مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔