لوئر مال: گھر میں چوری کا ڈراپ سین، گھریلو ملازمہ گرفتار، 10 لاکھ روپے برآمد
08-29-2026
(لاہور نیوز) لوئر مال کے علاقے میں گھر کی صفائی کرنے والی ملازمہ نے ہی گھر کا صفایا کر دیا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمہ نے گھر کی سیف الماری سے طلائی زیورات اور نقد رقم چوری کی۔ گرفتار ملزمہ گزشتہ تین سال سے گھر میں ملازمت کر رہی تھی۔ گھر میں نصب خفیہ کیمرے نے چوری کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمہ کو مبینہ طور پر چوری کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ لوئر مال پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمہ سے چوری کی گئی رقم اور دیگر سامان کی برآمدگی کے لیے تفتیش جاری ہے۔ ایس پی سٹی فرحت عباس کے مطابق بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو گرفتار کیا گیا اور 10 لاکھ روپے برآمد کر لیے گئے۔ مالک مکان نے بروقت کارروائی اور ملزمہ کی گرفتاری پر پولیس کا شکریہ ادا کیا۔