پیرا فورس کی گرفتاری اور دکان سیل کرنے کا اختیار افسر کی اجازت سے مشروط
08-29-2026
(ویب ڈیسک) تاجروں کی جانب سے پیرا فورس کے اہلکاروں کے خلاف شکایات کے بعد فورس کے اختیارات محدود کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق نئے طریقہ کار کے تحت آئندہ انفورسمنٹ انسپکٹر کی موجودگی اور اجازت کے بغیر کسی دکان کو سیل یا کسی شخص کو گرفتار نہیں کیا جا سکے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض جونیئر اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طور پر خود ساختہ کارروائیاں کرنے کی شکایات سامنے آ رہی تھیں، جس کے باعث تاجروں میں بے چینی پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ محکمے کی ساکھ بھی متاثر ہونے کی اطلاعات تھیں۔ تاجروں کی جانب سے شکایات میں اضافے کے بعد متعلقہ حکام نے اختیارات کے مبینہ غلط استعمال کی روک تھام اور انفورسمنٹ کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کیلئے دائرہ کار محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نئے طریقہ کار کا مقصد تاجروں کو غیر ضروری ہراسانی سے تحفظ فراہم کرنا، کارروائیوں میں افسران کی نگرانی یقینی بنانا اور انفورسمنٹ کے عمل میں شفافیت لانا ہے۔