13سالہ بچے سے بدفعلی کا کیس، لاہور ہائیکورٹ نے ملزم کی ضمانت منظور کرلی
08-29-2026
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے 13 سالہ بچے سے بدفعلی کے مقدمے میں نامزد ملزم وقار افضل کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے دو لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
جسٹس محمد وحید خان نے ملزم کی درخواست ضمانت پر دو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ تحریری فیصلے کے مطابق ملزم کے خلاف 13 سالہ بچے سے بدفعلی کا مقدمہ درج ہے اور وہ ایف آئی آر میں نامزد ہے۔ ملزم ٹرائل کورٹ سے ضمانت حاصل کرنے میں ناکام رہا تھا۔ عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ رپورٹ کے مطابق مبینہ وقوعہ 26 اپریل کو رات ساڑھے آٹھ بجے پیش آیا، تاہم واقعہ کی رپورٹ چھ گھنٹے 15 منٹ کی تاخیر سے درج کرائی گئی۔ مدعی کی جانب سے مقدمہ درج کرانے میں تاخیر کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی۔ فیصلے کے مطابق مقدمہ درج کرانے میں بلاجواز تاخیر شکوک و شبہات کو جنم دے رہی ہے۔ عدالت نے مزید قرار دیا کہ مقدمے کی تفتیش مکمل ہو چکی ہے جبکہ ملزم گزشتہ چار ماہ سے جیل میں ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے تمام حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزم وقار افضل کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے اسے دو لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔