ٹک ٹاکر عائشہ جٹ مبینہ زیادتی کیس، رجب بٹ سمیت ملزمان پر فردِ جرم عائد نہ ہو سکی
08-29-2026
(لاہور نیوز) سیشن کورٹ لاہور میں ٹک ٹاکر عائشہ جٹ سے مبینہ زیادتی کے الزام میں یوٹیوبر رجب بٹ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف دائر استغاثہ پر سماعت ہوئی، تاہم ملزمان کے وکلاء کی عدم دستیابی کے باعث فردِ جرم عائد نہ کی جا سکی۔
ایڈیشنل سیشن جج ظفر یاب چدھڑ نے عائشہ جٹ کی جانب سے دائر استغاثہ پر سماعت کی، سماعت کے دوران رجب بٹ سمیت تمام ملزمان عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کروائی۔ رجب بٹ کے وکلاء بیرسٹر میاں علی اشفاق اور ایڈووکیٹ رانا عبدالمعروف کی مصروفیت کے باعث عدالت میں موجود نہ تھے، ملزمان کی جانب سے پیش ہونے والے جونیئر وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ وکلا کی مصروفیت کے باعث سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ تاریخ مقرر کی جائے۔ عدالت نے وکلا کی عدم دستیابی کے باعث ملزمان پر فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی مؤخر کرتے ہوئے کیس کی سماعت 3 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ کیس میں نامزد ملزمان میں رجب بٹ، سلمان حیدر، عبدالرحمان، جہانگیر اور جواد شامل ہیں، پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ نواب ٹاؤن میں مقدمہ درج ہے۔