لاہور سے راولپنڈی جانے والی ٹرین پٹڑی سے اتر گئی
08-29-2026
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سے راولپنڈی جانے والی ریل کار حادثے کا شکار ہوگئی، ذرائع کے مطابق ٹرین کی چار بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
حادثہ لاہور ریلوے یارڈ سے نکلنے کے فوری بعد دو موریہ پل کے قریب پیش آیا، جہاں ٹرین کی چار بوگیاں ڈی ریل ہوئیں۔ حادثے کے بعد مسافر شدید گرمی میں ڈی ریل ہونے والی بوگیوں کے اندر موجود ہیں، جبکہ ریلوے انتظامیہ نے امدادی اور ریلیف آپریشن شروع کر دیا ہے۔ خستہ حال ریلوے ٹریک کے باعث ٹرینوں کے ڈی ریل ہونے کے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں۔ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے دعوے کیے جاتے رہے ہیں، تاہم ٹریکس کی بہتری اور دیگر عملی اقدامات تاحال ناکافی دکھائی دیتے ہیں۔ ریلوے سسٹم میں ٹرین حادثات اور ڈی ریلنگ کے بڑھتے واقعات نے مسافروں کے تحفظ اور ریلوے کے انفراسٹرکچر پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔