ٹک ٹاکرز کی لڑائی اے ایس پی آفس تک جا پہنچی، 10 سے زائد ملزمان گرفتار

08-29-2026

(لاہور نیوز) ٹک ٹاک پر شروع ہونے والی لڑائی اے ایس پی ٹاؤن شپ کے دفتر تک پہنچ گئی، جہاں دو ٹک ٹاکرز اور ان کے ساتھیوں کے درمیان شدید جھگڑا ہوا۔

پولیس کے مطابق اے ایس پی آفس میں دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر تشدد کیا، جبکہ پولیس اہلکاروں نے بیچ بچاؤ کر کے صورتحال پر قابو پایا۔ جھگڑے کی موبائل ویڈیو بھی منظرِ عام پر آگئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ٹک ٹاکرز سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف ویڈیوز اپ لوڈ کرتے رہے ہیں، جبکہ ایک ٹک ٹاکر نے اپنے مخالف کے خلاف پولیس کو درخواست بھی دے رکھی تھی۔ پولیس نے اے ایس پی آفس میں ہنگامہ آرائی کرنے والے 10 سے زائد ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف قائداعظم انڈسٹریل ایریا تھانے میں مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔