لاہور ہائیکورٹ نے موسم گرما کی تعطیلات کے نویں ہفتے کا ججز روسٹر جاری کر دیا
08-29-2026
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں موسم گرما کی تعطیلات کے نویں ہفتے کے لیے ججز روسٹر جاری کر دیا گیا، پرنسپل سیٹ اور علاقائی بنچز میں مجموعی طور پر 25 ججز اور 7 ڈویژن بنچز کیسز کی سماعت کریں گے۔
روسٹر کے مطابق پرنسپل سیٹ پر 4 ڈویژن بنچز اپیلوں کی سماعت کریں گے، جبکہ 18 ججز سنگل بنچز کے طور پر کیسز سنیں گے۔ ڈویژن بنچز میں شامل ججز بطور سنگل بنچ بھی کیسز کی سماعت کریں گے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی منظوری سے ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل سید شبیر حسین شاہ نے ججز روسٹر جاری کیا۔ پرنسپل سیٹ پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ تمام نوعیت کی اپیلوں کی سماعت کرے گا۔ جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سول نوعیت کی اپیلیں، جسٹس وحید خان کی سربراہی میں بنچ تمام نوعیت کی فوجداری اپیلیں، جبکہ جسٹس ملک وقار حیدر اعوان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ تمام نوعیت کی سول درخواستوں کی سماعت کرے گا۔ علاقائی بنچز میں بہاولپور بنچ پر جسٹس چوہدری محمد اقبال، ملتان بنچ پر جسٹس حسن نواز مخدوم اور پنڈی بنچ پر جسٹس چوہدری سلطان محمود کی سربراہی میں دو رکنی بنچز تمام نوعیت کی اپیلوں کی سماعت کریں گے۔ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران صرف اہم اور فوری نوعیت کی درخواستیں دائر کی جا سکتی ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ میں موسم گرما کی تعطیلات ستمبر کے پہلے ہفتے میں ختم ہوں گی۔