پنجاب پولیس کا کریک ڈاؤن، رواں سال ایک لاکھ 16 ہزار سے زائد ملزمان گرفتار
08-29-2026
(لاہور نیوز) پنجاب پولیس نے سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری و عادی مجرمان اور عدالتی مفروروں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں ایک لاکھ 16 ہزار سے زائد اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق گرفتار اشتہاری مجرمان میں اے کیٹگری کے 29 ہزار سے زائد جبکہ بی کیٹگری کے 87 ہزار سے زائد ملزمان شامل ہیں۔ پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں کارروائیوں کے دوران 35 ہزار 546 سے زائد عدالتی مفروروں کو بھی گرفتار کیا۔ ان میں اے کیٹگری کے 5 ہزار 254 اور بی کیٹگری کے 30 ہزار 292 عدالتی مفرور شامل ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبہ بھر میں 12 ہزار 865 عادی مجرمان بھی گرفتار کیے گئے، جن میں اے کیٹگری کے 4 ہزار 406 اور بی کیٹگری کے 8 ہزار 459 عادی مجرمان شامل ہیں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی پولیس نے نمایاں کارروائیاں کرتے ہوئے 26 ہزار 868 اشتہاری مجرمان، 11 ہزار 229 عدالتی مفرور اور 5 ہزار 203 عادی مجرمان کو گرفتار کیا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اشتہاری مجرمان، عدالتی مفروروں اور عادی مجرمان کے خلاف کارروائیاں کرنے والی پولیس ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سنگین جرائم میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں بلاامتیاز اور مسلسل جاری رکھی جائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ اشتہاری و عادی مجرمان اور عدالتی مفروروں کی گرفتاری سے جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں مزید بہتری آئے گی۔