لاہور پولیس کا سوشل میڈیا پر آن لائن کھلی کچہری شروع کرنے کا فیصلہ
08-28-2026
(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے شہریوں سے براہِ راست رابطے اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے سوشل میڈیا پر آن لائن کھلی کچہری شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ہر اتوار لاہور پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں وہ شہریوں کے مسائل اور شکایات خود سنیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ شہری سوشل میڈیا اور ٹیلی فون کے ذریعے بھی اپنی شکایات درج کرا سکیں گے جبکہ آن لائن کھلی کچہری کے دوران براہِ راست اپنے مسائل سے پولیس حکام کو آگاہ کرنے کا موقع بھی حاصل ہو گا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے اور پولیس کو مزید جوابدہ بنانے کے لیے آن لائن کھلی کچہری کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو آسان اور مؤثر انداز میں انصاف اور سہولت فراہم کی جا سکے۔