مریم نواز کی ہواوے حکام سے ملاقات، پنجاب میں اے آئی منصوبوں پر اتفاق
08-28-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وفد کے ہمراہ چین میں ہواوے کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پنجاب کو مصنوعی ذہانت سے لیس صوبہ بنانے، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، کلاؤڈ ٹیکنالوجی اور نوجوانوں کی تربیت سمیت مختلف شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری پر اتفاق کیا گیا۔ ہواوے کے اعلیٰ عہدیداروں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور ان کے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ نے پنجاب کے ساتھ ہواوے کی اشتراک کار کا خیرمقدم کرتے ہوئے کمپنی کو نواز شریف آئی ٹی سٹی میں بھرپور سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ملاقات میں پنجاب کے ایک ہزار نوجوانوں کو ہواوے ماسٹر ٹرینر کے طور پر تربیت دینے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ 300 خواتین ٹرینرز کو بھی ہواوے مصنوعی ذہانت کی تربیت فراہم کرے گا۔ پنجاب میں مصنوعی ذہانت ڈیلیوری یونٹ کے قیام کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں 6 ڈیٹا سینٹرز اور ساورن ڈیٹا سینٹر کے قیام پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جبکہ پنجاب کو مصنوعی ذہانت سے لیس صوبہ بنانے کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری پر اتفاق کیا گیا ملاقات میں مؤثر سرکاری اور کاروباری اداروں کے درمیان رابطہ کاری کے طریقہ کار کی اہمیت پر بھی بات ہوئی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سمارٹ سٹی، کمانڈ سینٹر، صحت، تعلیم، زراعت اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں ہواوے کے اشتراک کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں پنجاب میں مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ ٹیکنالوجیز، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ اور سمارٹ عوامی خدمات کے روڈ میپ کا بھی جائزہ لیا گیا انفرادی ٹیکنالوجی منصوبوں اور ڈیجیٹل تبدیلی کے ماحولیاتی نظام میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ ہواوے اور حکومت پاکستان کے درمیان اشتراک کار کو مؤثر بنانے کے لیے فوکل پرسن مقرر کرنے پر اتفاق ہوا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کی ڈیجیٹل تبدیلی میں معاونت کے لیے ہواوے کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو مصنوعی ذہانت کے میدان میں آگے بڑھانا اولین ترجیح ہے پنجاب پاکستان اور جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ فعال صوبہ ہے اور اقتصادی ترقی، جدت، روزگار اور بہتر عوامی خدمات میں معاونت کر سکتا ہے۔ پنجاب حکومت کارکردگی، شفافیت، فیصلہ سازی، شہریوں کی خدمات کے معیار اور ٹیکنالوجیز کے بھرپور استعمال کو یقینی بنا رہی ہے، مریم نواز شریف کے مطابق ٹیلنٹ کی نشوونما اور ٹیکنالوجی تک جامع رسائی پنجاب کی حکمت عملی کے اہم ستون ہیں۔