شیر کے انکلوژر میں لڑکے کے داخلے کی ویڈیو جعلی، چڑیا گھر انتظامیہ کی وضاحت
08-28-2026
(لاہور نیوز) لاہور چڑیا گھر میں لڑکے کے شیر کے پنجرے میں چھلانگ لگا کر داخل ہونے کی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو جعلی اور ایڈیٹڈ نکلی۔
لاہور چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دکھائی جانے والی باؤنڈری چڑیا گھر کی اصل باؤنڈری سے مختلف ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ ویڈیو میں ترمیم کی گئی ہے۔ ڈائریکٹر لاہور زو غلام رسول نے بتایا کہ لاہور چڑیا گھر میں شیر کے انکلوژر کی باؤنڈری کافی بلند ہے جبکہ اس کے اوپر حفاظتی جالیاں بھی نصب ہیں، اتنی بلند باؤنڈری عبور کرکے شیر کے انکلوژر میں داخل ہونا ممکن نہیں۔ چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق لاہور زو میں جانوروں اور شہریوں کی حفاظت کیلئے سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں اور جانوروں کے انکلوژرز کو محفوظ بنایا گیا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کی تصدیق کئے بغیر انہیں شیئر یا تشہیر کرنے سے گریز کریں تاکہ غیر مصدقہ اطلاعات اور جعلی مواد کے پھیلاؤ کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔