لاہور بورڈ کا سکولوں اور کالجز کو کھیلوں کا سامان مفت دینے کا اعلان

08-28-2026

(لاہور نیوز) لاہور بورڈ نے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ کیلئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری سکولوں اور کالجز کو مفت کھیلوں کا سامان فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔

فیصلے کے تحت لاہور ڈویژن کے 1100 سرکاری ہائی سکولز کو مفت کھیلوں کا سامان فراہم کیا جائے گا، جبکہ ڈویژن کے 20 فیصد سرکاری کالجز بھی مفت کھیلوں کے سامان سے مستفید ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق لاہور بورڈ نے کھیلوں کے بجٹ میں بھی نمایاں اضافہ کر دیا ہے، کھیلوں کا بجٹ 10 ملین روپے سے بڑھا کر 25 ملین روپے کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد سرکاری تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور طلبہ کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ لاہور بورڈ کی جانب سے کھیلوں کے فروغ کیلئے تعلیمی اداروں کو مزید سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، لاہور بورڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کیلئے مجموعی طور پر 61 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ بورڈ حکام کے مطابق سرکاری سکولوں اور کالجز میں کھیلوں کے فروغ اور طلبہ کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔