پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے: پی ڈی ایم اے
08-28-2026
(لاہور نیوز) ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے تمام دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، دریائے سندھ، چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کی سطح نارمل ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم نالہ پلکھو وزیر آباد کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ نالہ پلکھو میں پانی کا ڈسچارج 2 ہزار 800 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا ڈیم 100 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 75 فیصد بھر چکا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موسم اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیر و تفریح سے گریز کریں۔ انہوں نے والدین سے خصوصی طور پر کہا کہ بچوں کا خیال رکھیں اور انہیں دریاؤں، ندی نالوں میں ہرگز نہ نہانے دیں۔