سیف سٹی کیمروں کی نشاندہی پر 8 مشکوک و مطلوب گاڑیاں برآمد
08-28-2026
(ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور میں جرائم کی روک تھام اور جدید پولیسنگ کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال میں مزید اضافہ کر دیا گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر شہر کے مختلف حساس مقامات پر 20 خصوصی مستقل پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں، جہاں ڈولفن سکواڈ کی ٹیمیں تعینات ہیں۔ ڈولفن سکواڈ نے سیف سٹی کیمروں سے موصول ہونے والی کالز اور الرٹس کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف جرائم میں مطلوب 8 گاڑیاں برآمد کر لیں، پولیس ترجمان کے مطابق برآمد ہونے والی گاڑیوں میں 4 فیک نمبر پلیٹ والی، ایک چوری شدہ، ایک ٹمپرڈ جبکہ ایک مقدمے میں مطلوب گاڑی شامل ہے۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق سیف سٹی کیمرہ کالز اور الرٹس پر فوری ردعمل کیلئے لاہور کے مختلف حساس مقامات پر 20 سے زائد ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں، جو مشکوک گاڑیوں کی چیکنگ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کر رہی ہیں۔ کارروائی کے دوران ایک گاڑی کو ضروری تصدیق اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد موقع پر ہی ریلیز کر دیا گیا، جبکہ دیگر برآمد شدہ گاڑیاں مزید قانونی کارروائی کیلئے تھانہ مزنگ، مسلم ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، اقبال ٹاؤن اور دیگر متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دی گئی ہیں۔