ہسپتالوں میں فائر سیفٹی افسران کی فوری تعیناتی کا حکم
08-28-2026
(لاہور نیوز) محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے صوبے بھر کے ہسپتالوں اور طبی اداروں میں فائر سیفٹی کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کے لیے ایمرجنسی/فائر سیفٹی افسر نامزد کرنے کی ہدایت کردی۔
محکمہ کی جانب سے تمام وائس چانسلرز، پرنسپلز، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز، سربراہان ادارہ اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو فوری عملدرآمد کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ یہ ہدایات 27 اگست 2026 کو سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں جاری کی گئی ہیں۔ ہدایت کے مطابق نامزد فائر سیفٹی افسر فائر سیفٹی پروٹوکولز پر عملدرآمد اور ان کی مسلسل نگرانی کا ذمہ دار ہوگا۔ ہسپتالوں میں فائر ایکسٹنگوشرز، ہائیڈرنٹس، اسموک ڈیٹیکٹرز اور دیگر فائر فائٹنگ آلات کی باقاعدگی سے جانچ، بروقت سروسنگ اور ریکارڈ کی دستیابی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ محکمہ نے بجلی کے بوجھ کا وقتاً فوقتاً جائزہ لینے اور اوور لوڈنگ یا کسی بھی برقی خطرے کی صورت میں فوری طور پر سربراہ ادارہ کو آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ فائر ایگزٹس، ایمرجنسی راستوں اور اسمبلی پوائنٹس تک ہر وقت بلا رکاوٹ رسائی یقینی بنانے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ ہدایت میں مزید کہا گیا ہے کہ ریسکیو 1122 کے تعاون سے باقاعدگی سے فائر سیفٹی ڈرلز اور عملے کی تربیت کا اہتمام کیا جائے جبکہ تمام معائنوں، ڈرلز، تربیتی سیشنز اور اصلاحی اقدامات کا ریکارڈ رکھنے کے لیے فائر سیفٹی کمپلائنس فائل/لاگ برقرار رکھا جائے۔ محکمہ نے فائر سیفٹی کی کسی بھی خلاف ورزی، آلات کی خرابی یا حادثے کی فوری رپورٹ سربراہ ادارہ کو کرنے اور فائر سیفٹی کی صورتحال پر ماہانہ تصدیق شدہ کمپلائنس رپورٹ محکمہ کو جمع کروانے کی ہدایت بھی کی ہے۔ تمام اداروں کو نامزد کیے گئے ایمرجنسی/فائر سیفٹی افسر کی تفصیلات 28 اگست 2026 تک محکمہ کو فراہم کرنے کا پابند کیا گیا ہے۔